ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / نہیں تھم رہاہے یوگی راج میں معصوم بچوں کاقتل;گورکھپور کے بعد فرخ آباد میں موت کا قہر، 49بچے ہلاک

نہیں تھم رہاہے یوگی راج میں معصوم بچوں کاقتل;گورکھپور کے بعد فرخ آباد میں موت کا قہر، 49بچے ہلاک

Mon, 04 Sep 2017 19:27:51  SO Admin   S.O. News Service

فرخ آباد،4ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گورکھپور کے بعد اب فرخ آباد میں انتظامی لاپروائی کے سبب بچوں کی اموات کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ موصولہ خبروں کے مطابق فرخ آباد کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں آکسیجن اور دوا کی کمی کے سبب 49بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ دراصل 20جولائی سے 21اگست کے درمیان ہوئی 49بچوں کی موت میں 19کی دورانِ حمل اور 30کی نیو بورن کیئر یونٹ میں علاج کے دوران ہوئی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے دو افسران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی اور جانچ کا حکم دیا۔ اس ٹیم کے ذریعہ جو رپورٹ تیار کی گئی اس میں انتظامی لاپروائی کھل کر سامنے آ گئی۔
جانچ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال میں ہوئیں اموات کی وجہ آکسیجن اور دواوں کی کمی کے ساتھ ساتھ لاپروائی بھی ہے۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر فرخ آباد کوتوالی میں سی ایم او اور رام منوہر لوہیا اسپتال کے سی ایم ایس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے خلاف بھی دفعہ 176، 188 اور 304جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا۔ تازہ خبروں کے مطابق سی ایم او اور سی ایم ایس کو ان کے عہدہ سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ کو بھی ان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں آکسیجن اور دوائی کی کمی کے ساتھ ساتھ انتظامی لاپروائی کے سبب گزشتہ مہینے تقریباً 300اموات ہوئیں اور اس سال اَب تک 1250اموات ہو چکی ہیں۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد یوگی حکومت ایک بار پھرکٹہرے میں کھڑی ہو گئی۔ اب جب کہ فرخ آباد میں بھی انتظامی لاپروائی کی وجہ سے بچوں کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے، اتر پردیش حکومت کی نااہلی صاف طور پرعیاں ہو گئی ہے۔ ریاست میں محکمہ صحت کی کارکردگی سے عوام فکر مند ہے اور سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ ریاست کے دیگر بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی کیا یہی حالات ہیں۔ اس کا جواب تو اسی وقت مل سکتا ہے جب سبھی اسپتالوں کی جانچ کرائی جائے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یوگی حکومت کی قلعی کھل جائے گی۔
 


Share: